بی اے پی کے سربراہ جام کمال نے سرداراختر مینگل کو بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے حمایت کی دعوت دیدی

  • July 30, 2018, 11:36 pm
  • National News
  • 367 Views

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل کو بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے حمایت کی دعوت دے دی سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ پارٹی کمیٹی اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد حکومت سازی کے معاملے پر دوبارہ بات چیت کریں گے بلوچستان کے مفادات اولین ترجیحات ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال نے گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اس موقع پر چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل منظور کاکڑ ‘ نیشنل پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ نومنتخب امیدوار اخترحسین لانگو ‘ احمد نواز بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے ملاقات میں صوبہ کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی بعدازاں سردار اختر جان مینگل نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال کی قیادت میں وفد نے ہمیں حکومت سازی کے لئے حمایت کی دعوت دی جس پر ہم بی اے پی کے رہنماؤں کے مشکور ہیں تاہم بلوچستان نیشنل پارٹی نے اپنے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو حکومت سازی کے معاملات کو آگے لیکرچلے گی اور ان امور پر بات چیت کرے گی ہم پارلیمانی کمیٹی اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد بات چیت کا دوسرا دور چلائیں گے انہوں نے کہاکہ ملاقات میں ہم نے بی اے پی کے وفد کے سامنے بلوچستان کے سیاسی ایشو کو بھی رکھا ہے ہماری کوشش ہے کہ حکومت سازی کے معاملے پر بات چیت کے دوران سیاسی ایشوز کے حل پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے ۔