بلوچستان کے ساحلی ودیگر علاقے سرمایہ کاری کیلئے موزوں ہیں، وزیراعلیٰ مری

  • August 7, 2018, 10:40 pm
  • National News
  • 83 Views

کوئٹہ (خ ن) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ صوبے کے ساحلی علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر حصے بھی صنعت کاری کے لئے انتہائی موزوں ہیں جہاں منافع بخش سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، صوبے میں صنعت کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کو مدنظر رکھ کر ہمیں زیادہ ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا ہوگی جس کے لئے تکنیکی اداروں کی فعالی ضروری ہے،ان خیات کا اظہار وزیراعلیٰ نے بلوچستان اسپیشل اکنامک زونز اتھارٹی بورڈ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر خزانہ امام بخش بلوچ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر،ایڈیشنل چیف سیکریٹری (منصوبہ بندی وترقیات) حافظ عبدالباسط، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اندسٹری، لائیو اسٹاک اور بورڈ کے دیگر اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ محسن سید کنسلٹنٹ برائے بلوچستان اسپیشل اکنامک زون نے بوستان اکنامک زون اور بلوچستان کے دیگر حصوں میں زونز کے قیام سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس نے بورڈ کے گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا ۔ محسن سید نے اجلاس کو بتایا کہ بلوچستان مین صنعت کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کے پیش نظر صوبے میں نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ہر ضلع سے ایک سو بچوں کو چھ ماہ کی تربیت فراہم کی جائے گی اسطرح صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو مقامی سطح پر ہنرمند افراد میسر آسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بوستان سمیت صوبے کے بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں لائیواسٹاک کے تحت میٹ پروسیسنگ یونٹ قائم کئے جاسکتے ہیں جس سے صوبے کی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ اکنامک زونز کو پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بوستان اکنامک زون کی پیش کی گئی فزیبلیٹی رپورٹ کو پی اینڈ ڈی سے مشتہر کرنے کے بعد فیڈرل بورڈ کے پاس منظوری کے لئے بھیجا جائے گیا جبکہ بورڈ نے کنسلٹنٹ کی مد میں آنے والے اخراجات کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ساحلی پٹی سے جہاں سیاحت کو فروغ دیا جاسکتاہے وہی چاغی ضلع معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور صنعت کاری کے لئے موزوں ترین علاقہ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس وسیع اراضی موجود ہے اس کے بہترین استعمال سے صوبے سے پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے فروغ پر زیادہ توجہ دی جائے اور سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار بلوچستان آئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی میں ہرممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوادر ماسٹر پلان میں مقامی لوگوں کے مفادات کو اولین ترجیح دی جائے۔