غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کوشش، سینکڑوں گرفتار

  • September 26, 2016, 1:49 pm
  • National News
  • 92 Views

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک سے ایسے افغان باشندوں کی ایک بہت بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔
واشک میں انتظامیہ کے ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد کی تعداد چھ سو سے زائد ہے جن میں سے اکثریت افغان باشندوں کی ہے۔
ان ذرائع نے بتایا کہ یہ افراد مختلف علاقوں میں چھپے ہوئے تھے جن کو فرنٹیئر کور نے واشک کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق ان لوگوں کی گرفتاری گذشتہ دو تین روز کے دوران مختلف علاقوں سے عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد ماشکیل سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔
ان افراد کو سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
واشک کے علاوہ بلوچستان کے پانچ دیگر اضلاع کی بھی سرحدیں ایران سے لگتی ہیں جن میں چاغی، پنجگور، تربت اور گوادر شامل ہیں۔
پاکستانی شہریوں کے علاوہ جو افغان شہری غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں انھیں انسانی سمگلر انہی اضلاع سے لے جاتے ہیں۔