پسنزئی اورکان مہترزئی میں گرڈاسٹیشنز پر جلد کام شروع کیا جائے،نواب ایاز جوگیزئی

  • September 29, 2016, 11:41 am
  • National News
  • 46 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور واسا نواب محمدایاز خان جوگیزئی نے پسنزئی اورکان مہترزئی میں گرڈاسٹیشنز پرتا حال کام شروع نہ ہونے اور حلقہ پی بی 3کوئٹہ میں بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تاخیری حربوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مذکورہ علاقوں میںبجلی کی غیر ضروری لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی وبیشی کی وجہ سے عوام کوشدیدمشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے انہوں نے کیسکو حکام پر زور دیاکہ وہ مذکورہ گرڈز کے کام کوترجیحی بنیادوں پر نہ صرف شروع کرے بلکہ ہنگامی بنیادوں پر اس کی تکمیل بھی یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے زمیندار اورعوام سکھ کاسانس لے سکیں ان خیا لا ت کااظہارانہوں نے گزشتہ روز چیف ایگزیکٹو کیسکو انجینئر رحمت اللہ بلوچ سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نواب محمد ا یا ز خان جوگیزئی نے پہلے سے منظورشدہ 132کے وی گرڈاسٹیشنز پسنزئی اورکان مہترزئی ضلع قلعہ سیف اللہ کے کام تاحال شروع نہ کرنے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کے زمیندار اورعوام قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے گرڈز کی اوور لوڈنگ کی وجہ سے غیر ضروری بجلی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی بیشی جیسے گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں عوام کے دیرینہ مطالبات کی روشنی میں حکومت نے مذکورہ گرڈاسٹیشنز کی نہ صرف منظوری دے رکھی ہے بلکہ اس حوالے سے رواں سال فنڈز کا اجراء بھی ہوچکا ہے لہٰذاان پر تاحال کام شروع نہ کرنے کا کوئی جواز بھی نہیں بنتا،انہوں نے کہاکہ مذکورہ گرڈاسٹیشنز کے قیام کیلئے جگہ کاانتخاب کیسکو حکام صرف اورصرف ٹیکنیکل بنیادوں پر کرے نہ کہ کسی کی ذاتی خواہشات یاپھر پسند وناپسند کی بنیاد پر ہوناچاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان نئے گرڈاسٹیشنوں کے قیام سے مستفید ہوسکے ۔ملاقات کے موقع پرنواب محمدایاز خان جوگیزئی نے کیسکو حکام پر زور دیاکہ وہ مذکورہ گرڈ اسٹیشنز کے کام کوترجیحی بنیادوں پر نہ صرف شروع کرے بلکہ ہنگامی بنیادوں پر اس کی تکمیل کوبھی یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے زمیندار اورعوام سکھ کاسانس لے سکیں انہوں نے اپنے فنڈز سے خسنوب فیڈر قلعہ سیف اللہ اورحلقہ پی بی 3کوئٹہ کے بجلی کے جاری ترقیاتی اسکیموں کے کاموں پر تاخیری حربوں پر بھی شدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی چیف ایگزیکٹو کیسکو نے اس موقع پر مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو پسنزئی اور کان مہترزئی گرڈز کے کام کوفوری طورپر شروع اور بجلی کے جاری ترقیاتی اسکیمات کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔