آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی5دہشتگرد گرفتار اسلحہ وایمونیشن برآمد

  • June 28, 2018, 11:20 pm
  • National News
  • 60 Views

کوئٹہ واندرون بلوچستان(کرائم رپورٹر+نامہ نگاران )سبی میں آپریشن ردالفساد کے دوران سیکورٹی فورسز کے عملے نے بھاری مقدارمیں اسلحہ ایمو نیشن برآمد کر کے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کا رروائی شروع کر دی ۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں 2 خواتین سمیت9 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین سمیت 11اہلکار زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق آپریشن ردالفساد کے دوران سیکورٹی فورسز کے عملے نے سبی کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمو نیشن ، انٹی ائیر گرافٹ گن ، میگزین ،موبائل فونز، راؤنڈ ، مواصلاتی سسٹم برآمد کر کے قبضے میں لے کر کا رروائی شروع کر دی۔ ضلع نوشکی کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص اختر محمد ولد باز محمد محمد حسنی کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے متعلقہ انتظامیہ نے لاش کو قبضے میں لے کر ضابطہ کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے ۔ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص محمد عیسی سکنہ مچھ مروا گشتہ کوقتل کردیا اور فرار ہو گئے واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہاہے لاش کو مزید کارروائی کیلئے کوئٹہ منتقل کر دیا ۔ضلع دکی کے علاقے ذالار میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص عمران ولد مندو سکنہ ذالار کو قتل کردیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے ۔ضلع نصیرآباد کی تحصیل بابا کوٹ میں ملزم ہمت نے مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام کے تحت اپنی بھابی 6 ماہ کی شیر خوار بچی کی ماں مسما( آ ) کو فائر کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا بابا کوٹ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے شالدرہ میں ایک خاتون بی بی مریم دختر منیر احمد سکنہ شالدرہ نے گھریلو ناچاکی کی بنا پر خودکشی کر لی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر سائیکل سے گر کر ایک شخص عبد الرحمن سکنہ کلی کوتوال جاں بحق ہوگیا ہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا ہے ،دریں اثناء ڈیربگٹی کے علاقے ڈولی پوسٹ کے قریب کشمور سے آنیوالی کار تیز رفتار ی کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ماں اوربچی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر سوئی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔اطلاعات کے مطابق ژوب کے علاقے دانہ سر کے مقام پر دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں نوجوان داؤد خان موقع پر جاں بحق ہو گیا لاش کو ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا مزید کا رروائی کی جا رہی ہے۔دریں اثناء کوئٹہ کراچی جانیوالی جانے والی ویگو گاڑی تیز رفتاری کے باعث کراڑو کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں حمزہ ولد حاجی انور اور شاہ زیل ولد محمد اعظم موقع پر جاں بحق جبکہ غلام مصطفی ،محمد عمر اور محمد اظہر زخمی ہو گئے جاں بحق اور زخمیوں کو لیویز کی گاڑیوں میں مقامی ہسپتال شفٹ کر دیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد زخمیوں کو مزید اعلاج کے لئے کراچی ریفر کر دیا گیا جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔