ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے،جماعت اسلامی

  • June 9, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ (پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عوام الناس الیکشن میں خدمت کے جذبے سے سرشار نیک صالح دیانت دار لوگوں کوووٹ دیں صوبے کے کئی حکومتوں نے خوشنما نعروں سے عوام کوورغلایا ہے ۔جماعت اسلامی کے ہر علاقے کے امیدوار آئین کے دفعہ 62،63پر پورااترتے ہیں اور کسی کرپشن کے کیسزمیں ملوث نہیں کسی علاقے میں بھی ہمارے امیدواروں کے کاغذات مستردنہیں ہوئے جو جماعت اسلامی کو دیگر جماعتوں سے ممتازکرتی ہے ۔سی پیک میں جماعت اسلامی ہی بلوچستان کو اس کے بنیادی حقوق دے سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ہی امت کے اتحادکے داعی جماعت ہے اور ملک کی تمام سیاسی دینی قوم پرست جماعتوں میں بدعنوانی ،موروثیت سے پاک ملک گیر دینی جمہوری پارٹی ہے عوام جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ہر سطح پر کامیاب بناکرمختلف ناموں سے الیکشن لڑنے والے لٹیریوں سے نجات دلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آ کر ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ہمارا منشور ملکی ترقی و خوشحالی اور عالمی برداری میں پاکستان کی عزت ووقار کی ضمانت دیتا ہے ۔ملک میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ اور آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کا تحفظ ہمارے منشور کی پہلی ترجیح ہے اور باوقار اور آزاد خارجہ پالیسی اور تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیا د پر تعلقات قائم کریں گے ۔ ملک میں نظام مصطفیﷺ کے قیام سے بااختیار آزاد عدلیہ ، معاشی خوشحالی ، قومی آزادی کاتحفظ ، خواتین کے حقوق کا تحفظ ، نوجوانوں کیلئے روزگار ، زراعت کی ترقی ، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ، فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ، کرپشن فری پاکستان ، محکمہ پولیس سمیت دیگر محکموں کی اصلاح جیسے مثبت اقدامات عمل میں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام بلوچستان میں پچھلے بیس سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والوں کی کارکردگی ان کی کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور وعدہ بے وفائی سے آگاہ ہیں ان حالات میں عوام جماعت اسلامی نے ملک کی آزادی ، سلامتی ، استحکام ، اسلامی تشخص کی حفاظت کرنے اور مشترکہ جدوجہد ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی کئی علاقوں میں الیکشن لڑنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جسے عوام کو سپورٹ کرنا چاہیے تاکہ ملکی ترقی کی راہ میں تما م حائل رکاوٹوں اور کرپٹ مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے #