احتساب عدالت، غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن کیسز کی سماعت

  • June 9, 2018, 10:39 pm
  • National News
  • 135 Views

کوئٹہ (آئی این پی ) احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج جناب پذیراحمد بلوچ کے روبرو محکمہ تعمیرات ومواصلات میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے موقع پر ریفرنس میں نامزد ملزمان سابق ایکسئن سی اینڈڈبلیو افتخار علی سمیت دیگر نامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقولات فراہم کردی گئی جس کے بعد عدالت نے 19جولائی تک کیلئے ریفرنس کی سماعت ملتوی کردی۔آئندہ سماعت کے موقع پر ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے کاامکان ہے ۔سابق ایکسئن محکمہ مواصلات وتعمیرات افتخار علی ودیگر پر 382ملازمین کی غیر قانونی تعیناتی اور ان کی تنخواہوں کی مد میں خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کاالزام ہے ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو کمشنر آفس کے ذیلی دفتر ڈائریکٹریٹ ڈویلپمنٹ کے گرفتار سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق ودیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے موقع پر گرفتار ملزم سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق اور دیگر بر ضمانت ملزمان اور 2گواہان گل ریز اور امین خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہان کے بیانات قلم بند نہ کئے جاسکے جس کے بعد کیس کی سماعت کو 11جولائی تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے روبرو سابق اسسٹنٹ فوڈ کنٹرول نظر محمد کاکڑودیگر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران وکلاء کی عدم حاضری کے باعث حتمی بحث مکمل نہ ہوسکی اور سماعت کو11جولائی تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔احتساب عدالت 1کے جج منور شاہوانی نے گندم خرد برد کیس کی سماعت کی کیس میں نامزد ملزم سابق اسسٹنٹ ایس اینڈ جی اے ڈی سرفراز حسین ، سابق اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر نذیر محمد کاکڑ اور ٹھیکیدار محمد حسین رئیسانی بھی عدالت میں پیش ہوئے نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی وکلاء کی عدم حاضری کے باعث حتمی بحث مکمل نہ ہوسکی عدالت نے کیس کی سماعت 11جولائی تک ملتوی کردی ۔