پروفیسرز کو درپیش مسائل حل کرینگے، ڈاکٹر نصراللہ خلجی

  • July 5, 2018, 10:42 pm
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ (پ ر)بلوچستان کے نگران وزیر تعلیم ڈاکٹر نصراللہ خلجی نے کہا ہے کہ پروفیسرز معاشرے کا اہم ترین طبقہ ہے انہیں درپیش مسائل کا حل نکلنا چاہئے کیونکہ وہ اپنا آج ہمارے آنے والے کل کے لئے قربان کررہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان پروفیسر اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ جس نے بی پی ایل اے صدر پروفیسر آغا زاہد کی قیادت میں ا ن سے ملاقات کی اور انہیں کالج اساتذہ کو درپیش مشکلات ، کالجز کی حالت زار ، ڈائریکٹوریٹ کے مسائل اور بی پی ایل اے کے جاری احتجاج سے متعلق بریفنگ دی ۔ بی پی ایل اے کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نگران وزیر تعلیم نے بی پی ایل اے وفد کواپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھارہی ہے انہوں نے کہا کہ پروفیسرز معاشرے کا اہم ترین طبقہ ہے اس طبقے کو درپیش مسائل ومشکلات کا فوری حل نکلنا چاہئے تاکہ وہ زیادہ یکسوئی اور محنت سے نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی پی ایل اے صدر پروفیسرآغا زاہد پر ڈائریکٹر کالجز کے بیٹے کی جانب سے حملہ اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کالج اساتذہ کی جانب سے پرامن احتجاجی تحریک جاری ہے جس کے دوران نہ صرف پروفیسرز اور لیکچررز دستخطی مہم چلارہے ہیں بلکہ کالجز کے سٹا ف روم اور ڈائریکٹوریٹ میں ’’ ڈائریکٹر ہٹاؤ ، کالجز بچاؤ ‘‘ بینر آویزاں کرتے ہوئے کالج اساتذہ نے منگل کو بھی بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔