عوامی نیشنل پارٹی نے نو منتخب رکن اسمبلی و صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی کو بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا

  • July 29, 2018, 10:29 pm
  • National News
  • 133 Views

کوئٹہ (این این آئی )عوامی نیشنل پارٹی نے نو منتخب رکن اسمبلی و صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی کو بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت سازی کے لئے صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں تمام جمہوری سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بلوچستان اور بلوچستانیوں کے مفادات کی خاطر ہوگا۔پارٹی کے پارلیمانی بورڈ ، صوبائی پارلیمانی پارٹی اور عہدیداران نے حالیہ انتخابات میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف حلقوں میں پارٹی امیدواروں پر عوام کے اعتماد اور پارٹی مقبولیت کے گراف پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اسے انتھک جدوجہد اور منظم تنظیم کا نتیجہ قرار دیا ہے جبکہ خیبرپشتونخوا سمیت دیگر علاقوں میں پارٹی امیدواروں کے خلاف دھاندلی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جمہوری سیاسی جماعتوں کے تحفظات کاازالہ کیا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی کابینہ ،صوبائی پارلیمانی بورڈ ،پارلیمانی پارٹی اور مرکزی عہدیداران کا مشترکہ اجلاس ہفتے کو صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں حالیہ انتخابات ،پارٹی امیدوارو ں پر عوام کے بھرپور اعتماد اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا اجلاس میں متفقہ طور پرصوبائی صدر اصغرخان اچکزئی کو صوبائی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کیاگیا اجلاس میں حالیہ انتخابات میں پارٹی امیدواروں پرعوام کے بھرپور اعتماد اور پارٹی کی مقبولیت پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ بھرپور انتھک جدوجہد ، ڈسپلن ، منظم تنظیم اورمرکز سے لے کر تحصیل اور یونٹ سطح تک پارٹی عہدیداروں کی منظم جدوجہد نے پارٹی پر عوام کے اعتماد کو مزید بڑھایا اجلاس کے شرکاء نے اس بات کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو ہر طبقے کے لوگوں نے بھرپور سپورٹ کیا اور کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں پارٹی کے نامزد امیدواروں پر عوام نے بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے ووٹ دیا جس پر پارٹی صوبائی اور قومی اسمبلی کے ان حلقوں کے عوام ، پارٹی سپورٹرز ، حمایت کرنے والی شخصیات کا شکریہ ادا کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ پارٹی کے منتخب ایم پی ایز اسمبلی کے فلور سے نہ صرف اپنے حلقوں بلکہ پورے صوبے کے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے حالیہ انتخابات میں خیبرپشتونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ کی گئی دھاندلی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے خلاف سازش اور جمہوری سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش قرار دیا اجلاس کے شرکاء نے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر تمام جمہوری سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور اعتراضات پر غور کرتے ہوئے ان کا ازالہ کیا جائے اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں پارٹی بلوچستان اور بلوچستانیوں کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی اور اس سلسلے میں تمام جمہوری سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی صوبے اور صوبے کے عوام کے مفادات کو دیکھ کرکرے گی تاکہ عوام کے حقو ق کے حصول ، مسائل و مشکلات کے حل اور تعمیر و ترقی کے حصول کے ساتھ ساتھ صوبے میں جمہوری استحکام کے لئے فعال کردارا دا کیا جاسکے ۔